سگیاں انٹرچینج کے قریب غیرقانونی ویسٹ برننگ یونٹس کے خلاف آپریشن، 6 یونٹس مسمار
11-27-2026
(لاہور نیوز) سموگ اور فضائی آلودگی کے خاتمے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے غیر قانونی ویسٹ برننگ یونٹس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سگیاں انٹرچینج کے قریب 6 یونٹس مسمار کر دیئے۔
اسسٹنٹ کمشنر سٹی رانا عامر لیاقت نے ای پی اے، میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور (ایم سی ایل) اور پولیس کے ہمراہ آپریشن کیا، کارروائی کے دوران سگیاں انٹرچینج کے قریب قائم 8 غیر قانونی ویسٹ برننگ یونٹس کا محاصرہ کیا گیا، جن میں سے 6 کو مسمار کر دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی کا کہنا تھا کہ سموگ اور فضائی آلودگی پھیلانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مسمار کئے گئے یونٹس کی جگہ دوبارہ کسی قسم کی غیر قانونی سرگرمی کی اجازت نہ دی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنائی جائے۔