پنجاب میں 5 سال کے دوران 10 لاکھ گھر بنائیں گے، مریم نواز

11-26-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی چھت اپنا گھر سکیم کے تحت صوبے میں آئندہ 5 سال کے دوران 10 لاکھ گھر تعمیر کرنے کا اعلان کر دیا۔

ملتان میں اپنی چھت اپنا گھر سکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے انہیں 5 سال میں 5 لاکھ گھر بنانے کا ہدف دیا تھا، تاہم انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کم از کم 10 لاکھ گھر تعمیر کیے جائیں گے، ملتان اسٹیڈیم نے ماضی میں بڑے میچ اور بڑی فتوحات دیکھی ہیں، لیکن آج یہاں منایا جانے والا جشن 25 ہزار خاندانوں کی کامیابی کا جشن ہے، جو کل تک کرائے کے مکانوں میں رہتے تھے اور آج اپنے گھروں کے مالک بن چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سکیم کے تحت ڈھائی لاکھ گھر تعمیر کیے جا چکے ہیں، جن میں سے ایک لاکھ سے زائد مکمل ہیں اور خاندان وہاں رہائش اختیار کر چکے ہیں، جبکہ تقریباً 70 ہزار گھروں کی تعمیر جاری ہے، کہیں دیواریں اٹھائی جا رہی ہیں، کہیں چھتیں ڈالی جا رہی ہیں اور کہیں دروازے اور رنگ و روغن کا کام ہو رہا ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ گزشتہ ڈیڑھ سے پونے 2 سال میں ہونے والی پیشرفت اس بات کا ثبوت ہے کہ سکیم کے ذریعے ہزاروں خاندانوں کا اپنے گھر کا خواب پورا ہوا ہے، آج وہ عوام سے کوئی نیا وعدہ کرنے نہیں آئیں بلکہ اب وعدوں کی تکمیل کا وقت ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تقریب میں ایسی مائیں بھی موجود ہیں جنہوں نے برسوں اور دہائیوں تک دوسروں کی چھتوں تلے زندگی گزاری، لیکن اب وہ اپنی چھت اور اپنے گھر میں زندگی گزار رہی ہیں۔