لاپتہ خواتین کی بازیابی کا معاملہ، آئی جی پنجاب نے کمیٹیاں تشکیل دے دیں

11-26-2026

(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں 2021 سے 2025 کے دوران لاپتہ ہونے والی 380 خواتین کی بازیابی اور مقدمات کی تفتیش کا معیار بہتر بنانے کیلئے آئی جی پنجاب نے دو خصوصی کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشنز پنجاب کی سربراہی میں تشکیل دی گئی دونوں کمیٹیاں ڈی آئی جیز کی سربراہی میں کام کریں گی اور صوبے بھر میں لاپتہ خواتین کے تمام کیسز کی مانیٹرنگ کریں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ڈی آئی جیز پنجاب کے تمام اضلاع سے تفتیشی افسران کو طلب کرکے لاپتہ خواتین کے مقدمات کی تفصیلات حاصل کر رہے ہیں، ہر کیس کی الگ الگ جانچ پڑتال کرتے ہوئے تفتیش کے معیار اور اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ پولیس حکام کے مطابق اضلاع میں پہلے حل کئے جانے والے کیسز کے تفتیشی معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے زیر تفتیش لاپتہ خواتین کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے، اس سلسلے میں پنجاب بھر سے لاپتہ خواتین کے کیسز کی رپورٹس روزانہ کی بنیاد پر انویسٹی گیشن ہیڈ کوارٹرز بھجوائی جائیں گی تاکہ پیش رفت کی مسلسل نگرانی کی جا سکے۔ حکام کے مطابق عدالتی احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے پنجاب بھر سے ساڑھے 28 ہزار سے زائد خواتین کو بازیاب کروایا جا چکا ہے، جبکہ باقی کیسز کی تفتیش اور بازیابی کیلئے اقدامات جاری ہیں، آئی جی پنجاب کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹیوں کا مقصد لاپتہ خواتین کے مقدمات کی مؤثر نگرانی، تفتیش میں بہتری اور بازیابی کے عمل کو تیز کرنا ہے۔