پنجاب بھر میں گراں فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن، بھاری جرمانے

11-26-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی عوام دوست پالیسیوں کے تحت صوبہ بھر میں اشیائے ضروریہ کی ناجائز منافع خوری اور گراں فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

 ترجمان فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے پنجاب بھر میں 4 لاکھ 51 ہزار 903 انسپکشنز کیں، جبکہ خلاف ورزیوں پر ایک کروڑ 14 لاکھ 15 ہزار روپے سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے، مقررہ نرخ نامے آویزاں نہ کرنے پر 2 ہزار 211 دکانداروں کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ اشیائے ضروریہ کی اوور چارجنگ پر 18 ہزار 570 خلاف ورزیاں ریکارڈ کرتے ہوئے بھاری جرمانے عائد کئے گئے۔ ترجمان کے مطابق ناجائز منافع خوری اور گراں فروشی پر 33 مقدمات درج کئے گئے اور 215 افراد کو گرفتار کیا گیا، روٹی کی مقررہ قیمت پر فروخت یقینی بنانے کیلئے 72 ہزار 95 انسپکشنز کی گئیں، اس دوران قیمتوں کی خلاف ورزی پر 4 ہزار 467 دکانداروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی اور مجموعی طور پر 12 لاکھ 86 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسی طرح چکن کی قیمتوں کی جانچ کیلئے 18 ہزار 658 انسپکشنز کی گئیں، جن میں 1206 خلاف ورزیاں سامنے آئیں، آٹے کے تھیلوں کی قیمتوں کی نگرانی کیلئے بھی 16 ہزار 249 انسپکشنز کی گئیں، ٹماٹر کی قیمتوں میں گراں فروشی پر 772 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں، جن پر ایک لاکھ 40 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ترجمان فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن کا کہنا ہے کہ چاول، دالوں، چینی، گھی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی بھی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیائے خورونوش کی مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارروائیاں جاری ہیں۔