ایرانی مینز اور ویمنز ہاکی ٹیموں کا دورہ پاکستان 22 دسمبر سے شروع ہو گا

11-26-2026

(لاہور نیوز) پاکستان اور ایران کے درمیان کھیلوں کے تعلقات مزید مضبوط ہونے جا رہے ہیں، ایرانی مینز اور ویمنز ہاکی ٹیمیں 22 سے 29 دسمبر 2026 تک پاکستان کا دورہ کریں گی۔

دونوں ٹیمیں ایک ہفتے کے دورے پر 22 دسمبر کو اسلام آباد پہنچیں گی، جہاں تمام کھیلوں کی سرگرمیاں منعقد ہوں گی، پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کو ایرانی ہاکی فیڈریشن کی جانب سے مینز اور ویمنز ٹیموں کے دورہ پاکستان کی باضابطہ تصدیق موصول ہو گئی ہے۔ دورے کے دوران ایرانی مینز اور ویمنز ہاکی ٹیمیں پاکستانی ٹیموں کے ساتھ مشترکہ تربیتی سیشنز میں حصہ لیں گی، جبکہ دونوں ممالک کی ٹیموں کے درمیان پریکٹس میچز کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔ مشترکہ تربیتی سیشنز کے ذریعے پاکستان اور ایران کے ہاکی کھلاڑیوں کو اپنی تکنیکی مہارتوں کے تبادلے، کھیل کے نئے طریقے سیکھنے اور ایک دوسرے کے کھیل کو سمجھنے کا موقع ملے گا، ایرانی مینز اور ویمنز ہاکی ٹیموں کے دورہ پاکستان کو ملک میں بین الاقوامی ہاکی سرگرمیوں کی بحالی اور علاقائی کھیلوں کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے ایرانی ہاکی ٹیموں کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کی اسلام آباد آمد پر خوش آمدید کہا اور بہترین میزبانی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ محی الدین احمد وانی کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی ہاکی کا فروغ، علاقائی کھیلوں میں تعاون اور پاکستانی کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی مواقع فراہم کرنا پاکستان ہاکی فیڈریشن کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، ایرانی ٹیموں کا دورہ بالخصوص پاکستانی خواتین ہاکی کھلاڑیوں کیلئے بین الاقوامی تجربہ حاصل کرنے اور اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کا ایک اہم موقع ثابت ہو گا۔