سرکاری سکولوں میں جماعت نہم اور دہم کے موک امتحانات کرانے کا فیصلہ
11-26-2026
(لاہور نیوز) پنجاب کے سرکاری ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں جماعت نہم اور دہم کے طلبہ کیلئے تین جامع موک امتحانات منعقد کرانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
اس حوالے سے سیکرٹری سکول ایجوکیشن وسیمہ عمر کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے، محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق سرکاری سکولوں میں موک امتحانات مکمل نصاب کے مطابق لئے جائیں گے تاکہ طلبہ کو سالانہ بورڈ امتحانات کی بہتر تیاری کا موقع فراہم کیا جا سکے، موک امتحانات دسمبر 2026، جنوری 2027 اور فروری 2027 میں ہوں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز اضلاع کو معیاری ماڈل پیپرز اور مارکنگ سکیمیں فراہم کریں گے، موک امتحانات کی شفاف مارکنگ یقینی بنانے اور نتائج کی بنیاد پر طلبہ کی تعلیمی کمزوریوں کی نشاندہی کرکے ان کے ازالے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ اجلاس میں بورڈ امتحانات میں کم نتائج دینے والے سکولوں پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جبکہ طلبہ کی امتحانی تیاری کیلئے ڈیجیٹل آئٹم بینک فراہم کیا جائے گا، یہ سہولت پیکٹا کی جانب سے فراہم کی جائے گی۔ دوسری جانب پنجاب کے نو تعلیمی بورڈز میں سوالیہ پرچوں کی ساخت اور نمبروں کی تقسیم یکساں بنانے کی تجویز بھی زیر غور آئی، مجوزہ فریم ورک کے تحت بورڈ امتحانات کے سوالیہ پرچوں میں 50 فیصد آسان، 30 فیصد درمیانے اور 20 فیصد مشکل سوالات شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کے ان اقدامات کا مقصد طلبہ کی تعلیمی استعداد بہتر بنانا، امتحانی نظام میں یکسانیت پیدا کرنا اور سالانہ بورڈ امتحانات میں بہتر نتائج کے حصول کیلئے تیاری کو مؤثر بنانا ہے۔