حادثات کی روک تھام کیلئے ڈرائیورز کی تربیت کا بڑا فیصلہ
11-26-2026
(لاہور نیوز) حادثات کی روک تھام اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے مسافر بردار گاڑیوں کے ڈرائیورز کی تربیت کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے، اس سلسلے میں ایس ایس پی ہیڈ کوارٹرز نے تمام سی ٹی اوز اور ڈی پی اوز کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
مراسلے کے مطابق پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں پی ایس وی ڈرائیورز کے لیے خصوصی تربیتی سیشنز منعقد کیے جائیں گے، جن کا مقصد ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کو فروغ دینا اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بس اسٹینڈز، ٹرانسپورٹ اور رکشہ یونینز سے رابطہ کر کے ڈرائیورز کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنائیں، جبکہ ہر ضلع میں مرکزی مقام پر اجتماعی تربیتی سیشنز کا انعقاد کیا جائے۔ تربیتی سیشنز میں حادثات کی وجوہات، احتیاطی تدابیر، اوور سپیڈنگ اور خطرناک اوورٹیکنگ کے نقصانات، طویل سفر کے دوران تھکاوٹ اور نیند کی کمی سے پیش آنے والے حادثات سے متعلق آگاہی دی جائے گی۔ مراسلے میں تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تربیتی سیشنز کی ذاتی نگرانی کریں۔ ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں سیکھ کر گاڑی چلانے کے عمل کو فروغ دیا جا رہا ہے اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ٹریفک پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔