گرین ٹاؤن میں سی سی ڈی کا مبینہ مقابلہ، زیرِ حراست ملزم ہلاک

11-26-2026

(لاہور نیوز) گرین ٹاؤن کے علاقے میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مبینہ پولیس مقابلے کے دوران زیرِ حراست ملزم ہلاک ہوگیا ہے۔

 پولیس کے مطابق ملزم ودود کو ریکوری کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ اس دوران اس کے مسلح ساتھیوں نے سی سی ڈی ٹیم پر حملہ کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران زیر حراست ملزم ودود اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہو گیا، جبکہ حملہ آور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہے، جبکہ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔  پولیس کا دعویٰ ہے کہ ہلاک ہونے والا ملزم 2 درجن سے زائد قتل اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث تھا۔