پاکستان کو دنیا کی ٹاپ 3 یا 4 ٹیسٹ ٹیموں میں شامل کرنا ہدف ہے: عاقب جاوید

11-26-2026

(ویب ڈیسک) ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) عاقب جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان کو دنیا کی ٹاپ 3 یا 4 ٹیسٹ ٹیموں میں شامل کرنا ہدف ہے۔

ایک انٹرویو میں عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹس کا مقصد کھلاڑیوں کو مالی معاونت فراہم کرنا اور انہیں کھیل پر توجہ مرکوز رکھنے میں مدد دینا ہے، سینٹرل کنٹریکٹس کی تشکیل میں کھلاڑیوں کی ماضی کی کارکردگی اور مستقبل کی ضروریات کو مدِنظر رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2 برس سے سینٹرل کنٹریکٹس کے روایتی نظام میں تبدیلی کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ کنٹریکٹ کی کیٹیگریز کرکٹ فارمیٹس کی بنیاد پر تشکیل دی گئی ہیں، سینٹرل کنٹریکٹس میں مزید 2 کھلاڑیوں کی شمولیت کی گنجائش موجود ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کو اگلی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل کیلئے تیار کیا جا رہا ہے، ہدف پاکستان کو دنیا کی 3 سے 4 بہترین ٹیسٹ ٹیموں میں شامل کرنا ہے، پاکستان میں موجود ٹیلنٹ کے اعتبار سے ٹیسٹ رینکنگ میں نویں پوزیشن ہمارے شایانِ شان نہیں۔ ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس پی سی بی نے بتایا کہ ٹیسٹ اور ون ڈے کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی کم از کم 4 فرسٹ کلاس میچز کھیلیں گے، جبکہ ٹیسٹ سپیشلسٹ کھلاڑیوں کی میچ فیس اور مالی مراعات میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرسٹ کلاس کرکٹ کھلاڑیوں کو اپنی تکنیک بہتر بنانے کا موقع فراہم کرتی ہے، حارث رؤف کو بھی فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے سے بہت فائدہ ہوا ہے، ٹی 20 سپیشلسٹ کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ کے علاوہ 3 دیگر لیگز کھیلنے کی اجازت ہوگی۔ عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کے حصول کیلئے فٹنس اولین شرط ہے، جبکہ فٹنس، ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت اور مؤثر کارکردگی سینٹرل کنٹریکٹس کے بنیادی معیار ہیں۔