پنجاب اسمبلی میں خواتین پر تشدد کیخلاف قرارداد منظور: کل سے 16 روزہ آگاہی مہم چلانے کا مطالبہ
11-25-2026
(لاہور نیوز) خواتین اور بچیوں پر ہر قسم کے تشدد کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد متفقہ منظور کر لی گئی۔
حنا پرویز بٹ نے خواتین کے تحفظ اور تشدد کے خاتمے کی قرارداد ایوان میں پیش کی۔قرارداد میں کہا گیا کہ خواتین اور بچیاں ریاست کی ریڈ لائن ہیں، تشدد کسی صورت برداشت نہیں، 25 نومبر سے 10 دسمبر تک خواتین پر تشدد کے خلاف 16 روزہ آگاہی مہم چلانے کا مطالبہ کیا گیا ۔ جسمانی، جنسی، گھریلو اور آن لائن تشدد میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی پر زور دیا ۔ متاثرہ خواتین کو فوری انصاف، قانونی امداد، نفسیاتی مشاورت اور مکمل تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا، پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی ہیلپ لائن 080001737 کی تشہیر بڑھانے کی قرارداد بھی منظور کی گئی ۔ قرارداد میں کہا گیا کہ خواتین کا تحفظ صرف 16 دن نہیں، سال کے 365 دن ریاست کی ذمہ داری ہے۔