پنجاب حکومت کا ہنگامی اقدام، سرکاری گندم کی ریلیز دگنی کر دی گئی
11-25-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر آٹے کی بڑھتی قیمتوں کو روکنے اور شہریوں کو سستا آٹا فراہم کرنے کیلئے محکمہ خوراک پنجاب نے ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے سرکاری گندم کی ریلیز دگنی کر دی۔
محکمہ خوراک کے مطابق پنجاب بھر میں روزانہ کی بنیاد پر 10 کلوگرام آٹے کے 7 لاکھ تھیلے مارکیٹ میں دستیاب کئے جا رہے ہیں، جبکہ فلور ملز کو وافر مقدار میں آٹا فراہم کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔ محکمہ خوراک کا کہنا ہے کہ پنجاب میں آٹا اور گندم آج بھی ملک کے دیگر حصوں کے مقابلے میں کم قیمت پر دستیاب ہیں، شہریوں کو سستا اور معیاری آٹا فراہم کرنے کیلئے گندم کی ترسیل میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق آٹے کے معیار میں خرابی یا گرانفروشی کی شکایت کی صورت میں شہریوں کی سہولت کیلئے ڈائریکٹوریٹ فوڈ میں پہلے سے قائم شکایت سیل کے بینرز تمام دکانوں پر آویزاں کئے جا چکے ہیں، محکمہ خوراک پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں شہریوں کو معیاری اور سستا آٹا فراہم کرنا یقینی بنایا جا رہا ہے۔