سکولوں کے اطراف غیر معیاری کھانوں اور ٹھیلوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم
11-25-2026
(لاہور نیوز) پنجاب بھر کے سرکاری و نجی سکولوں کے اطراف غیر معیاری کھانے فروخت کرنے والوں اور خطرناک ٹھیلوں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دے دیا گیا۔
سکولوں کے قریب قائم غیر قانونی سٹالز، ریڑھیوں اور غیر صحت بخش اشیائے خورونوش فروخت کرنے والے فوڈ وینڈرز کو فوری ہٹانے کی ہدایت کی گئی ہے، سکولوں کے اطراف غباروں میں گیس بھرنے والے ٹھیلوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ گیس سلنڈرز، آتش گیر مواد اور خطرناک آلات استعمال کرنے والے ٹھیلوں کو تعلیمی اداروں کے قریب سے ہٹانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب کے تمام سرکاری و نجی سکولوں کے اطراف خطرناک سرگرمیوں کی نشاندہی کیلئے جامع سروے کرنے کا حکم دیا گیا ہے، مزید برآں سکولوں کے قریب غیر معیاری، آلودہ اور مضر صحت کھانے فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔ فوڈ وینڈرز کی انسپکشن کیلئے ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کو متحرک کرنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ سکول سربراہان کو اپنے اداروں کے اطراف خطرناک سرگرمیوں اور غیر قانونی فروخت کی فوری رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔