کوڑا ٹیکس اب پراپرٹی ٹیکس بل میں شامل ہوگا، یکم جنوری سے نیا نظام نافذ
11-25-2026
(لاہور نیوز)کوڑا ٹیکس کی بلنگ اور وصولی کے حوالے سے محکمہ ایکسائز نے بڑا فیصلہ کرلیا، آئندہ سینی ٹیشن فیس کے علیحدہ بل جاری کرنے کی بجائے اسے پراپرٹی ٹیکس کے چالان میں شامل کرکے وصول کیا جائے گا۔
ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ کے مطابق یکم جنوری سے سینی ٹیشن فیس پراپرٹی ٹیکس کے بل میں ضم کرکے جاری کی جائے گی۔ رواں سال یکم اکتوبر سے سینی ٹیشن فیس کے بل علیحدہ جاری کیے جا رہے تھے، جن کے تحت اب تک 32 لاکھ بل جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ 10 کروڑ روپے سے زائد وصولیاں ہو چکی ہیں۔ ڈی جی ایکسائز نے موٹر ٹیکس کی وصولی یقینی بنانے کے لیے ٹوکن ٹیکس کی مد میں 50 فیصد جرمانے کے ساتھ وصولیاں کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ پراپرٹی ٹیکس کا مقررہ ہدف حاصل کرنے کے لیے نادہندگان کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں کی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ماہانہ ریکوری کا ہدف پورا نہ کرنے والے ای ٹی اوز اور انسپکٹرز کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی ہوگی۔ اس حوالے سے ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ نے ڈائریکٹرز کانفرنس میں تمام ڈائریکٹرز کو ریکوری کے اہداف سونپ دیے۔ کانفرنس میں سیکرٹری ایکسائز مسعود مختار بسرا، ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ اور دیگر ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔