ایف بی آر کا فیس لیس اپیل سسٹم کے ذریعے مکمل ڈیجیٹل نظام متعارف

11-25-2026

(ویب ڈیسک) ایف بی آر نے انکم ٹیکس اپیلوں کیلئے نیا "فیس لیس اپیل سسٹم" متعارف کرا دیا، نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

انکم ٹیکس رولز 2002 میں ترمیم کر کے فیس لیس اپیل سسٹم متعارف کرا دیا گیا، فیس لیس اپیل سسٹم کے ذریعے مکمل ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا گیا ٹیکس دہندگان اب گھر بیٹھے آئرس  ای پورٹل کے ذریعے آن لائن اپیل دائر کر سکیں گے، اپیلوں کی تقسیم خودکار سسٹم اور رینڈم الگورتھم کے تحت ہو گی، انسانی مداخلت ختم کر دی گئی، سماعت کے دوران کمشنر اپیلز کی شناخت، چہرہ اور آواز مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔ اس کے علاوہ فریقین کی ذاتی پیشی ختم، تمام سماعتیں ویڈیو کانفرنسنگ یا تحریری دلائل پر ہوں گی، انٹرنیٹ کی سہولت نہ رکھنے والے اپیل کنندگان قریبی فیلڈ آفس کے ای-ہیئرنگ روم سے سماعت میں شریک ہو سکیں گے۔ اپیلوں کے فیصلے کمشنر کے نام یا دستخط کے بغیر صرف ڈیجیٹل آئیڈینٹیفکیشن نمبر کے ساتھ جاری ہوں گے، ای پورٹل کی تکنیکی خرابی کے باعث اپیل میں تاخیر کو قابلِ قبول عذر تسلیم کیا جائے گا۔