جو پنجاب مجھے ملا تھا وہ جادو ٹونے سے چلتا تھا: مریم نواز

11-24-2026

(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ جو پنجاب مجھے ملا تھا وہ جادو ٹونے سے چلتا تھا اور گزشتہ حکومت میں پنجاب کو مؤکل چلا رہے تھے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی میں ہونہار سکالرشپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں  نے سکالرشپ اور لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دی۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ طلبہ کی کامیابی ان کے والدین کی محنت اور قربانیوں کا نتیجہ ہے، ہونہار سکالرشپ سے طلبہ کو تعلیمی سہولت ملے گی جبکہ لیپ ٹاپ ڈیجیٹل تعلیم میں مددگار ثابت ہوں گے، نوجوانوں پر سرمایہ کاری ہی ملک کا مستقبل ہے اور ہر بچے کو تعلیم کا حق دینا ہماری ذمہ داری ہے، تعلیم کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کا ہاتھ تھامتی ہے، وزارت اعلیٰ کی ذمہ داریاں سنبھالے انہیں ایک ہزار دن ہو چکے ہیں، عوام کی مدد کے بغیر ترقیاتی کاموں کا آغاز ممکن نہیں تھا، انہیں معلوم تھا کہ وقت کم ہے، اس لیے پہلے دن سے کام شروع کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پورے صوبے میں ستھرا پنجاب پروگرام کامیابی سے جاری ہے، پنجاب ترقی میں دیگر صوبوں سے آگے ہے اور دوسرے صوبے پنجاب کے منصوبے اپنا رہے ہیں، پنجاب تمام صوبوں میں ٹرینڈ میکر بن چکا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ صوبے کی سڑکوں پر 1100 گرین الیکٹرک بسیں چل رہی ہیں، جبکہ صرف راولپنڈی میں 80 الیکٹرک بسیں آچکی ہیں، گرین الیکٹرک بس کا کرایہ صرف 20 روپے ہے، آئندہ دو سال میں 5 ہزار بسیں چلانے کا ہدف ہے۔ مریم نواز  نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت 5 لاکھ گھر بنائے جائیں گے، پورے پنجاب میں 50 ہزار کلومیٹر نئی سڑکیں بنائی گئی ہیں جبکہ ساہیوال میں کارڈیالوجی کا بہترین ہسپتال بنایا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس سٹڈیز سینٹر کے ہال آف فیم کا اعزاز ملنے پر مبارکباد دی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر اور افواج پاکستان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔