مدارس کی رجسٹریشن کا 26 سالہ مسئلہ حل ہو گیا، مولانا طاہر اشرفی
11-24-2026
(لاہور نیوز) چیئرمین پاکستان علماء کونسل مولانا طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ مدارس کی رجسٹریشن کا 26 سالہ دیرینہ مسئلہ حل ہو چکا ہے، ہم مولوی ایک جگہ اکٹھے ہو گئے ہیں، اب آپ بھی متحد ہو جائیں تاکہ ملک ترقی کرے۔
مدارس کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ مدارس کے بورڈز کو ایک جگہ اکٹھا کرنے کی بات کی جائے تو مخالفت کی آوازیں اٹھنے لگتی ہیں، فیلڈ مارشل کی ذاتی دلچسپی سے مدارس کی رجسٹریشن کا دیرینہ مسئلہ حل ہوا، جبکہ ڈی وی آر کے تحت اب تک 23 مدارس رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، یونیورسٹیوں اور کالجز میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ بھی ہمارے بچے ہیں، مدارس اتحاد اور یکجہتی کے علمبردار ہیں اور ملک کی ترقی کیلئے تمام طبقات کو متحد ہونا ہو گا۔ مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ معرکہ حق نے دنیا کا منظرنامہ تبدیل کر دیا ہے، جو لوگ پہلے ہم سے ہاتھ ملانے کو تیار نہیں ہوتے تھے، آج وہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے ملاقات کے منتظر ہیں، ملک میں نظام خلافت راشدہ قائم ہونا ہی ہے، آج ایک حافظ قرآن ملک کا سپہ سالار بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور حرمین شریفین کے امن سے کھیلنے کی کوشش ایک سازش ہے، پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے منظم سازشیں کی جا رہی ہیں، جبکہ بھارت سازش کے تحت پاکستان کا پانی بند کرنے کی کوشش کر رہا ہے، ملک میں فرقہ واریت اور صوبائیت کو ہوا دینے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔ مولانا طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں محراب و منبر اور افواج پاکستان نے اہم کردار ادا کیا، اس جنگ میں 90 ہزار پاکستانی شہید ہوئے، فوج اور عوام کے درمیان تقسیم پیدا کرنے کی کوشش ناکام ہوئی ہے، فتنہ خوارج کو بھارت کی پشت پناہی حاصل ہے اور فتنہ ہند و فتنہ خوارج اسلام کے نام پر قتل و غارت کر رہے ہیں، خارجی عناصر امت مسلمہ کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں، ہمیں ان کی سازشوں کا شکار نہیں ہونا چاہئے۔ مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ ایران پر حملے کے روز سپہ سالار سعودی عرب گئے اور امت کو تقسیم نہ ہونے کا پیغام دیا، سعودی قیادت نے مالی اور جانی نقصان برداشت کیا لیکن امت کو تقسیم نہیں ہونے دیا، جس پر اسے سلام پیش کرتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ حوثیوں نے اسرائیل کی حمایت سے سعودی عرب پر حملے کیے، جبکہ معرکہ حق کے دوران اسرائیلی طیارے فضا میں موجود تھے مگر پاکستان کو نقصان پہنچانے کی جرات نہ کر سکے، پاکستان، سعودی عرب اور ترکی مسلم ممالک کی مدد کیلئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں محافظ حرمین شریفین کا اعزاز حاصل ہوا ہے جو ہمارے لیے بڑی سعادت ہے، روضہ رسول ﷺ اور حرمین شریفین کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو بھرپور جواب دیا جائے گا، عوام سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں سے خود کو محفوظ رکھیں اور پاکستان کے عالمی کردار کو کمزور کرنے کیلئے عوام کو ریاست کے خلاف کرنے کی کوششوں کو سمجھیں۔