سکولوں میں انسداد منشیات مہم، بیگز کی اچانک چیکنگ کا حکم
11-24-2026
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے سرکاری اور نجی سکولوں میں منشیات کے استعمال اور فروخت کی روک تھام کیلئے اہم اقدامات کرتے ہوئے سکول سربراہان اور اساتذہ کو نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
جاری کردہ ہدایات کے مطابق سکولوں میں طلبہ کے بیگز کی اچانک چیکنگ اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لانے کا حکم دیا گیا ہے۔ حکومتی ہدایات میں سکولوں کے اندر سگریٹ، ویپ، آئس اور دیگر نشہ آور اشیاء کے استعمال پر مکمل پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ تعلیمی اداروں کے اندر اور اطراف میں منشیات کی خرید و فروخت روکنے کیلئے مؤثر اقدامات کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ سکولوں کے داخلی و خارجی راستوں اور گردونواح کی کڑی نگرانی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ منشیات سے متعلق کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دی جائے۔ حکومت نے سکولوں میں صبح کی اسمبلی اور کلاسز کے دوران انسداد منشیات سے متعلق آگاہی دینے کا بھی حکم دیا ہے، طلبہ کو منشیات کے مضر اثرات، صحت کو لاحق خطرات اور صحت مند طرز زندگی کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے گا۔ نئی ہدایات کے تحت والدین کو بھی انسداد منشیات مہم میں شامل کرنے اور ان کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھنے کی تاکید کی گئی ہے، جبکہ منشیات کے استعمال میں ملوث بچوں کی نشاندہی، رہنمائی اور اصلاح کیلئے مناسب اقدامات کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔