سیف سٹی ’’میرا پیارا‘‘ کی بڑی کامیابی، 13 سال سے بچھڑی خاتون اہلِ خانہ سے مل گئی

11-24-2026

(لاہور نیوز) سیف سٹی پراجیکٹ کے ’’میرا پیارا‘‘ پروگرام نے ایک اور کامیابی حاصل کرتے ہوئے 13 سال سے لاپتہ خاتون مسرت بی بی کو ان کے اہلِ خانہ سے ملا دیا۔

تفصیلات کے مطابق مسرت بی بی سال 2013 میں مینگورہ، سوات سے لاپتہ ہوئی تھیں اور اس دوران دارالامان ملتان میں مقیم رہیں۔ سیف سٹی ’’میرا پیارا‘‘ ٹیم نے خاتون کی ویڈیو ریکارڈ کرکے جدید ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کے ذریعے ان کے اہلِ خانہ کی تلاش شروع کی۔ سوات پولیس کے تعاون سے خاتون کے خاندان کا سراغ لگا لیا گیا۔ بعدازاں ویڈیو کال کے ذریعے مسرت بی بی کا اہلِ خانہ سے رابطہ کروایا گیا اور ان کی شناخت کی تصدیق کی گئی۔ سیف سٹی ’’میرا پیارا‘‘ ٹیم نے 13 سال بعد مسرت بی بی کو بحفاظت ان کے والد خان محمد کے حوالے کر دیا۔ طویل عرصے بعد بیٹی سے ملاقات پر والد آبدیدہ ہوگئے، جبکہ اہلِ خانہ نے سیف سٹی ٹیم کی کاوشوں پر اظہارِ تشکر کیا۔ ترجمان سیف سٹیز کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے برسوں سے بچھڑے افراد کو ان کے پیاروں سے ملانے کا سلسلہ جاری ہے۔ سیف سٹی ’’میرا پیارا‘‘ پروگرام گمشدہ اور لاوارث افراد کو ان کے اہلِ خانہ تک پہنچانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ ترجمان سیف سٹیز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ گمشدہ یا لاوارث افراد کی اطلاع دینے کے لیے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کریں اور مزید رہنمائی کے لیے 3 دبائیں۔