پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا میں نمایاں اضافہ
11-24-2026
(لاہور نیوز) ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر کے احکامات پر پنجاب بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کا عمل تیز کر دیا گیا، جس کے تحت گزشتہ تین ہفتوں میں 4 لاکھ 38 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے۔
ترجمان کے مطابق لاہور ٹریفک پولیس نے گزشتہ تین ہفتوں کے دوران 75 ہزار سے زائد شہریوں کو لائسنس کی سہولت فراہم کی، اسی عرصے میں صوبے بھر میں 1 لاکھ 41 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ لائسنس جبکہ 1 لاکھ 30 ہزار سے زائد شہریوں نے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کئے۔ مزید برآں 1 لاکھ 63 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ، ریگولر اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کروائی، 2 ہزار سے زائد شہریوں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ اور ایک ہزار سے زائد افراد کو گمشدہ لائسنس دوبارہ جاری کئے گئے۔ ترجمان نے بتایا کہ 1 لاکھ 30 ہزار سے زائد شہریوں نے ای ڈرائیونگ لائسنس بھی ڈاؤن لوڈ کئے۔ ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ سیکھ کر گاڑی چلانے کے رجحان سے پنجاب میں ٹریفک حادثات میں 35 فیصد کمی آئی ہے، جبکہ اس عمل کو مزید فروغ دیا جا رہا ہے۔