لاہور میں گرانفروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 24 گھنٹوں میں 13 لاکھ 77 ہزار روپے جرمانہ، 19 افراد گرفتار

11-24-2026

(لاہور نیوز) ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن علی اعجاز کی ہدایات پر شہر بھر میں پرائس کنٹرول اور گرانفروشی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اے ڈی سی انفورسمنٹ کاشف جلیل کی قیادت میں فیلڈ ٹیموں نے لاہور کی مختلف مارکیٹوں اور دکانوں میں نرخ ناموں اور اشیائے ضروریہ کی مقررہ قیمتوں پر فروخت کی چیکنگ کی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر بھر میں مجموعی طور پر 2 ہزار 431 انسپکشنز کی گئیں، جبکہ خلاف ورزیوں پر دکانداروں کو مجموعی طور پر 13 لاکھ 77 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران قانون کی سنگین خلاف ورزی پر 19 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ دکانوں پر ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے اور گرانفروشی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے۔ ڈی سی لاہور کا کہنا تھا کہ شہریوں کو اشیائے ضروریہ کی فراہمی مقررہ نرخوں پر یقینی بنانے کے لیے فیلڈ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر متحرک رہیں گی اور پرائس کنٹرول قوانین پر عملدرآمد کرایا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ گرانفروشی یا مقررہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے کی شکایت کی صورت میں کنٹرول روم نمبر03070002345پر رابطہ کریں۔