پنجاب میں فضائی آلودگی برقرار، لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 266 تک پہنچ گیا
11-24-2026
(لاہور نیوز) سرد موسم کے ساتھ پنجاب کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی کا سلسلہ برقرار ہے، گوجرانوالہ، ڈیرہ غازی خان اور ملتان کے بعد لاہور کی فضا بھی آلودہ ہوگئی ہے۔
فضائی آلودگی کے اعداد و شمار کے مطابق گوجرانوالہ کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس 477 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ لاہور کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس 266 رہا۔ لاہور کے علاقے برکی روڈ میں آلودگی کی شرح 600 تک پہنچ گئی، جبکہ علامہ اقبال ٹاؤن میں ایئر کوالٹی انڈیکس 380 ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب شہر میں سردی کی شدت میں اضافہ جاری ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں۔ ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد تک ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہوا کی رفتار انتہائی کم ہونے کے باعث فضائی آلودگی میں کمی کے امکانات محدود ہیں۔