بچوں کی حوالگی کا معاملہ: صرف باپ ہونا حتمی حق نہیں، بچوں کی فلاح سب سے اہم ہے:لاہور ہائیکورٹ
11-24-2026
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے دو کمسن بھائیوں کی حوالگی سے متعلق اہم فیصلے میں قرار دیا ہے کہ بچوں کی سرپرستی کا فیصلہ کرتے وقت والد، نانی یا دادی کے قانونی حق کے بجائے بچوں کی فلاح و بہبود کو بنیادی اہمیت حاصل ہے، صرف باپ ہونا بچوں کی حوالگی کا حتمی حق نہیں دیتا۔
جسٹس عثمان غنی راشد چیمہ نے نبیلہ ضیا کی درخواست پر 22 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا، جس میں چھوٹے بیٹے کو نانی سے لے کر دادی کے حوالے کرنے کا ماتحت عدالتوں کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا گیا۔ تحریری فیصلے کے مطابق دونوں بچوں کی والدہ کو 2022 میں قتل کردیا گیا تھا، جبکہ بچوں کے والد نے اٹلی میں دوسری شادی کرلی۔ والدہ کے قتل کے بعد بڑا بیٹا دادی اور چھوٹا بیٹا نانی کے پاس رہنے لگا تھا۔ بعدازاں گارڈین کورٹ نے چھوٹے بیٹے کو بھی دادی کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے سوال اٹھایا کہ والد بیرون ملک مقیم ہے اور دادی کی عمر 80 سال ہے تو بچوں کی روزمرہ دیکھ بھال کون کرے گا؟ والد کی دوسری شادی اور بیرون ملک رہائش کے تناظر میں بچوں کی عملی نگہداشت کے انتظامات کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ فیصلے میں قرار دیا گیا کہ سات سال سے کم عمر بچے کی والدہ کی عدم موجودگی میں نانی کو حضانت کے معاملے میں ترجیحی حق حاصل ہوسکتا ہے، تاہم یہ حق بھی بچوں کی فلاح و بہبود سے مشروط ہے۔ جسٹس عثمان غنی راشد چیمہ نے واضح کیا کہ کمسن بہن بھائیوں کو ایک دوسرے سے الگ رکھنے کے معاملے پر بھی سنجیدگی سے غور کرنا ضروری ہے۔ بچوں کی حوالگی کے فیصلے میں بچے کی آواز اور خواہش بھی اہمیت رکھتی ہے، خصوصاً جب بچہ اپنی رائے دینے کی سمجھ بوجھ رکھتا ہو۔ عدالت نے مزید قرار دیا کہ بچوں کی حوالگی کا فیصلہ محض کسی فریق کی مالی حیثیت کی بنیاد پر نہیں کیا جاسکتا، بلکہ سرپرست کی عمر، صحت، بچوں سے جذباتی تعلق اور ان کی دیکھ بھال کے عملی انتظامات کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ بچے کسی کی ملکیت نہیں بلکہ ان کے اپنے حقوق اور جذبات ہیں۔ گارڈینز اینڈ وارڈز ایکٹ 1890 کی دفعہ 17 کے تحت بچوں کی فلاح و بہبود سرپرستی کے تعین کا بنیادی معیار ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے ماتحت عدالتوں کے فیصلے کالعدم قرار دیتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو دونوں بھائیوں کی حوالگی سے متعلق تمام متعلقہ پہلوؤں کا جائزہ لے کر 90 روز میں دوبارہ فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔