ایف بی آر کی پیپر اور پیپر بورڈ انڈسٹری کیلئے الیکٹرانک پروڈکشن مانیٹرنگ سسٹم لازمی قرار

11-23-2026

(لاہور نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پیپر اور پیپر بورڈ تیار کرنے والی تمام صنعتوں اور مینوفیکچررز کے لیے الیکٹرانک پروڈکشن مانیٹرنگ سسٹم لازمی قرار دے دیا۔

اس سلسلے میں ایف بی آر کی جانب سے سیلز ٹیکس جنرل آرڈر نمبر 38 آف 2026 جاری کر دیا گیا جو فوری طور پر نافذ العمل ہو گیا ہے۔ جاری کردہ احکامات کے مطابق تمام پیپر مشینوں اور پروڈکشن لائنز پر مانیٹرنگ سسٹم نصب کرنا ہو گا جس کے ذریعے پیداوار کی پیمائش، وزن اور گنتی کی جائے گی جبکہ ہر پروڈکٹ کی گریڈ اور جی ایس ایم کے حساب سے مانیٹرنگ ہو گی۔  ایف بی آر  نے مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب کے لیے 15 دسمبر 2026 آخری تاریخ مقرر کی اور واضح کیا ہے کہ مقررہ مانیٹرنگ کے بغیر پیپر اور پیپر بورڈ فیکٹری سے باہر لے جانے پر پابندی ہو گی۔ نئے احکامات کے تحت ٹول مینوفیکچررز اور کمپوزٹ یونٹس بھی اس فیصلے کے پابند ہوں گے تاہم صرف کٹنگ اور پرنٹنگ کرنے والے یونٹس کو اس سے استثنیٰ حاصل ہو گا۔ مزید برآں، تمام مینوفیکچررز کو سسٹم کی تنصیب کے ساتھ ساتھ بجلی، انٹرنیٹ اور آئی ٹی سہولیات فراہم کرنا ہوں گی جبکہ ویڈیو سرویلنس کا نظام بھی بدستور فعال رکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔