طلبہ کیلئے بڑا ریلیف، ایچ ای سی کا ڈگری تصدیق کا نظام مزید آسان بنانے کا فیصلہ

11-23-2026

(لاہور نیوز) ہائر ایجوکیشن کمیشن ( ایچ ای سی) نے ملک بھر کے طلبہ کو سہولت فراہم کرنے کے لیے آن لائن ڈگری تصدیق پورٹل میں وزارتِ خارجہ (موفا) کی تصدیق کا آپشن شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

مجوزہ سہولت کے تحت ڈگری کی تصدیق کے لیے آن لائن درخواست دیتے وقت طلبہ سے دریافت کیا جائے گا کہ آیا انہیں وزارتِ خارجہ سے بھی ڈگری کی تصدیق درکار ہے یا نہیں۔ ایچ ای سی حکام کے مطابق نئے فیچر کے ذریعے طلبہ درخواست کے ابتدائی مرحلے میں ہی موفا تصدیق کی ضرورت کی نشاندہی کر سکیں گے، جس سے ڈگری کی تصدیق اور ویریفکیشن کا عمل مزید مربوط، سہل اور تیز رفتار ہو جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے طلبہ کے قیمتی وقت اور محنت کی بچت ہوگی جبکہ تصدیق کے عمل میں غیر ضروری تاخیر اور مشکلات کا بھی خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ ایچ ای سی کے مطابق یہ اقدام طلبہ کو فراہم کی جانے والی تمام خدمات آن لائن منتقل کرنے کے وسیع تر ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پلان کا حصہ ہے، جس کا مقصد تعلیمی خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور طلبہ کے لیے سہولیات کو مزید بہتر بنانا ہے۔