ٹریفک پولیس کا اپلائیڈ فار اور بغیر نمبر پلیٹس گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن

11-23-2026

(لاہور نیوز) ٹریفک پولیس نے رات گئے اپلائیڈ فار، بغیر نمبر پلیٹس اور جعلی نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا۔

کارروائی کے دوران بوگس نمبر پلیٹس استعمال کرنے پر 9 موٹرسائیکلوں اور لگژری گاڑیوں کے خلاف مقدمات درج کروا دیئے گئے، سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق اپلائیڈ فار 232 گاڑیوں کو بھاری جرمانے عائد کئے گئے، جبکہ بغیر نمبر پلیٹس 502 گاڑیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ فینسی اور محکمہ ایکسائز کے منظور شدہ نمونے کے مطابق نمبر پلیٹس نہ لگانے پر 80 موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی، اسی طرح نمبر پلیٹس کو ٹیڑھا میڑھا کرنے، توڑنے اور گاڑی کا ماڈل چھپانے پر 278 گاڑیوں کو چالان ٹکٹس جاری کئے گئے۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق کریک ڈاؤن کے دوران معمولی خلاف ورزیوں پر 10 ہزار سے زائد موٹرسائیکل اور گاڑی مالکان کو جرمانوں کے بجائے قوانین سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی گئی، بوگس نمبر پلیٹس لگانے والوں کے خلاف دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کروائے جا رہے ہیں، قانون شکن اور جرائم پیشہ عناصر اپنی شناخت چھپانے کیلئے جعلی نمبر پلیٹس کا استعمال کرتے ہیں، جس کے تدارک کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔ سی ٹی او لاہور نے واضح کیا کہ جن گاڑیوں پر محکمہ ایکسائز کے مقررہ نمونے کے مطابق نمبر پلیٹس نصب ہیں، انہیں چالان نہیں کیا جا رہا، شہری قانونی نمبر پلیٹس استعمال کریں تاکہ غیر ضروری کارروائی سے بچ سکیں۔