لاہور کا محفوظ شہروں میں شمار، جرائم کی شرح کم ہو گئی: سی سی پی او

11-23-2026

(لاہور نیوز) سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ لاہور آج دنیا کے محفوظ ترین شہروں میں شمار ہو رہا ہے۔

سی سی پی او لاہور کے مطابق سال 2026ء میں جرائم کی تقریباً تمام کیٹیگریز میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ رواں سال رابری، کار چوری اور گاڑیاں چھیننے کے واقعات میں 68 فیصد کمی آئی ہے۔ بلال صدیق کمیانہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین سال کے دوران 10 لاکھ سے زائد زیرِ التوا مقدمات کے چالان مکمل کرکے انہیں یکسو کیا گیا ہے، اسی طرح اشتہاری ملزمان کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں پانچ ہزار پرانے اشتہاری ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں کوئی نوگو ایریا، انڈر ورلڈ مافیا یا قبضہ گروپ موجود نہیں، شہر کو پُرامن اور محفوظ بنانے کیلئے لاہور پولیس کے تمام یونٹس مسلسل سرگرمِ عمل ہیں۔ سی سی پی او لاہور نے مزید کہا کہ شہریوں کو تحفظ کا احساس دلانا اور پولیس و عوام کے درمیان اعتماد کے رشتے کو مضبوط بنانا پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، لاہور پولیس شہر میں امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے کیلئے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی۔