اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفروروں کے خلاف کریک ڈاؤن، ملزمان گرفتار

11-23-2026

(لاہور نیوز) پنجاب پولیس نے سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری و عادی مجرمان اور عدالتی مفروروں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں کارروائیاں کرتے ہوئے ایک لاکھ 53 ہزار سے زائد اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا گیا، گرفتار اشتہاری مجرمان میں اے کیٹیگری کے 33 ہزار 810 جبکہ بی کیٹیگری کے ایک لاکھ 19 ہزار 592 ملزمان شامل ہیں، اسی طرح صوبہ بھر سے 48 ہزار سے زائد عدالتی مفرور بھی گرفتار کئے گئے، جن میں اے کیٹیگری کے 6 ہزار 351 اور بی کیٹیگری کے 41 ہزار 696 عدالتی مفرور شامل ہیں۔  ترجمان کے مطابق پنجاب پولیس نے کارروائیوں کے دوران 21 ہزار 379 عادی مجرمان کو بھی گرفتار کیا، گرفتار ہونے والوں میں اے کیٹیگری کے 7 ہزار 93 جبکہ بی کیٹیگری کے 14 ہزار 286 عادی مجرمان شامل ہیں، صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی پولیس نے بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے 37 ہزار 174 اشتہاری مجرمان، 15 ہزار 124 عدالتی مفرور اور 6 ہزار 760 عادی مجرمان کو گرفتار کیا۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے اشتہاری مجرمان، عدالتی مفروروں اور عادی مجرمان کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں کرنے والی پولیس ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ایسے عناصر کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری رکھا جائے۔ آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ سنگین جرائم میں مطلوب ملزمان اور قانون سے فرار عناصر کی گرفتاری کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔