ملک کی ضروریات پوری کرنے کیلئے گندم درآمد کرنے کا فیصلہ
11-23-2026
(لاہور نیوز) وفاقی حکومت نے ملک کی ضروریات پوری کرنے کیلئے 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تیسرا بین الاقوامی ٹینڈر جاری کر دیا، جس کے تحت عالمی سپلائرز سے بولیاں طلب کر لی گئی ہیں۔
ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کی جانب سے جاری ٹینڈر دستاویزات کے مطابق گندم درآمد کیلئے بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 نومبر مقرر کی گئی ہے، جبکہ اسی روز دوپہر ڈھائی بجے تکنیکی بولیاں کھولی جائیں گی، عالمی سپلائرز کیلئے کم از کم 50 ہزار میٹرک ٹن گندم کی بولی دینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ٹینڈر کے تحت بھارت، اسرائیل اور دیگر ممنوعہ ممالک سے گندم درآمد کرنے پر پابندی ہو گی، جنگ زدہ علاقوں سے گندم فراہم کرنے والی کمپنیوں کو متبادل ممالک سے سپلائی کی پیشکش بھی دینا ہو گی۔ گندم کی درآمد کے خواہشمند سپلائرز کیلئے کم از کم 5 سال کا برآمدی تجربہ اور گزشتہ پانچ سال کے دوران کم از کم 50 ہزار ٹن گندم برآمد کرنے کی شرط عائد کی گئی ہے۔ دستاویزات کے مطابق درآمد کی جانے والی گندم سال 2026 کی نئی فصل کی ہونی چاہئے، جس میں نمی کی زیادہ سے زیادہ شرح 14.5 فیصد، پروٹین کم از کم 10 فیصد اور ویٹ گلوٹن کی مقدار کم از کم 23 فیصد مقرر کی گئی ہے، غیر معیاری گندم مسترد کر دی جائے گی، جبکہ ٹھیکے کا فیصلہ مجموعی طور پر کم ترین لاگت کی بنیاد پر ہو گا۔ گندم کی ترسیل کیلئے دو مرحلے مقرر کئے گئے ہیں، پہلے مرحلے میں 4 لاکھ ٹن گندم 25 دسمبر 2026 سے 5 جنوری 2027 کے دوران پاکستان روانہ کرنا ہو گی، جبکہ مزید 4 لاکھ ٹن گندم 6 سے 15 جنوری 2027 کے دوران روانہ کی جائے گی۔ ٹینڈر کے مطابق تمام 8 لاکھ ٹن گندم 15 فروری 2027 تک کراچی یا گوادر کی بندرگاہوں پر پہنچانا لازمی ہو گا، مقررہ وقت پر گندم کی ترسیل نہ کرنے کی صورت میں ابتدائی جرمانہ 25 امریکی سینٹ فی ٹن یومیہ مقرر کیا گیا ہے۔