مریم نواز کی قیادت میں پنجاب ترقی کی نئی منزلیں طے کر رہا ہے، مریم اورنگزیب

11-22-2026

(لاہور نیوز) پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مریم نواز کا لگایا ہوا سوشل میڈیا کا پودا آج تناور درخت بن چکا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے یوتھ سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ وہ یہاں ایک سیاسی کارکن کی حیثیت سے اپنی لیڈر مریم نواز کا استقبال کرنے آئی ہیں، پنجاب کے عوام خوش قسمت ہیں کہ مریم نواز ان کی وزیراعلیٰ ہیں، جنہیں عوام اور ان کے بچوں کے مستقبل کی فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو عوام کی صحت، ادویات، گھروں، سکولوں، ہسپتالوں، صفائی، پینے کے صاف پانی اور صاف ہوا کی فکر ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کہتی ہیں کہ وہ آسمان سے تارے توڑ کر عوام کے لیے لائیں گی، آج پنجاب کو ایسی وزیراعلیٰ ملی ہیں جنہیں عوام اور ان کے بچوں کی ضروریات کا احساس ہے، اسی لیے انہیں سپر سی ایم کہنا پڑے گا۔ مریم اورنگزیب نے مخالفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حسد نہ کرو، محنت کرو، مقابلہ کرو یا برداشت کرو۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے منصوبوں کا مقابلہ کریں، اگر مقابلہ نہیں کرسکتے تو برداشت کریں۔ آج جو چیخیں سنائی دے رہی ہیں، اس کی بھی وجوہات ہیں، جو مریم نواز کا مقابلہ نہیں کرسکتے وہ صرف باتیں کرتے ہیں۔ سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ نیت اور جذبہ ہو تو منصوبے بھی پایہ تکمیل تک پہنچتے ہیں، پنجاب میں 80 بسیں فراہم کی گئی ہیں جبکہ 24 تاریخ کو 8 ہزار بچوں کو اسکالرشپس اور لیپ ٹاپ دیے جائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ  منصوبہ مکمل ہونے پر مریم نواز کی تختی لگتی ہے تاہم ترقی کی بنیاد نواز شریف اور شہباز شریف نے رکھی تھی اور مریم نواز اسی ترقی کے سفر کو آگے بڑھا رہی ہیں۔