صائم ایوب کا کرکٹ سے عارضی وقفہ لینے کا فیصلہ
11-22-2026
(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان اوپننگ بیٹر صائم ایوب نے مسلسل ناکامیوں اور اعتماد میں کمی کے باعث کرکٹ سے عارضی وقفہ لینے کا فیصلہ کر لیا، انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے درخواست کی کہ انہیں کچھ عرصے تک کھیل سے دور رہنے کی اجازت دی جائے۔
صائم ایوب اپنے کیریئر کے مشکل ترین دور سے گزر رہے ہیں۔ مسلسل ناقص کارکردگی کے باعث انہیں قومی اسکواڈ سے ڈراپ کیا جاچکا ہے، جبکہ وہ سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست میں بھی شامل نہیں ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے حالیہ دنوں میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے سے بھی گریز کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صائم ایوب نے پی سی بی حکام کو آگاہ کیا ہے کہ وہ فی الحال کرکٹ کھیلنے کی ذہنی کیفیت میں نہیں ہیں۔ نوجوان بیٹر اپنے مسائل پر قابو پانے اور اعتماد بحال کرنے کے بعد ون ڈے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ٹورنامنٹ کے ذریعے دوبارہ میدان میں اترنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ صائم ایوب نے کیریبین ٹی20 لیگ میں سنچری اسکور کرنے کے بعد انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم میں جگہ بنائی تھی، تاہم وہ دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوگئے، جس سے ان کے اعتماد کو شدید دھچکا لگا۔ بعد ازاں مسلسل ناکامیوں کے باعث انہیں سہ ملکی ون ڈے سیریز کے اسکواڈ سے بھی باہر کردیا گیا۔ اس وقت توقع ظاہر کی گئی تھی کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر اپنی فارم بحال کریں گے، تاہم انہوں نے ڈومیسٹک مقابلوں میں شرکت نہیں کی۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف سیریز کے بعد سے صائم ایوب اپنے آخری پانچ ون ڈے میچز میں صرف 60 رنز بنا سکے ہیں۔ رواں سال ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد سے وہ کوئی نصف سنچری بھی اسکور نہیں کرسکے۔ اس دوران ان کے اسکور بالترتیب 24، 19، 6، 14، 7، 21، 29 اور 8 رنز رہے۔ تمام فارمیٹس کے آخری 15 انٹرنیشنل میچز کی 16 اننگز میں صائم ایوب نے محض 11.75 کی اوسط سے 188 رنز بنائے، جبکہ ان کا بہترین انفرادی اسکور 33 رنز رہا۔ مسلسل مواقع ملنے کے باوجود فارم کی بحالی میں ناکامی کے بعد صائم ایوب نے اب اپنی ذہنی کیفیت بہتر بنانے اور اعتماد کی بحالی کے لیے کرکٹ سے عارضی وقفہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔