محسن نقوی کا نادرا سنٹر پیکو روڈ کا دورہ، شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے فوری احکامات
11-22-2026
(لاہور نیوز) وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے نادرا سنٹر پیکو روڈ کا دورہ کیا اور وہاں شناختی کارڈز سمیت دیگر دستاویزات بنوانے کے لیے آئے ہوئے شہریوں سے ملاقات کی۔
وزیرِ داخلہ تقریباً دو گھنٹے تک سنٹر میں موجود رہے اور شہریوں کے مسائل تفصیل سے سنے۔ محسن نقوی نے شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو احکامات جاری کیے، جبکہ بزرگ خواتین کے شناختی کارڈز سے متعلق مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر وزیرِ داخلہ نے بعض شہریوں کی دستاویزات کا پراسیس اپنی نگرانی میں مکمل کروایا۔ سنٹر میں موجود مرد و خواتین نے نادرا کے موجودہ نظام اور تیز رفتار پراسیس پر اطمینان کا اظہار کیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ دو سال قبل انہیں اپنے کام کے لیے دو دو گھنٹے انتظار کرنا پڑتا تھا، لیکن اب 10 سے 15 منٹ میں باری آ جاتی ہے اور طویل انتظار کی زحمت نہیں اٹھانی پڑتی۔ وفاقی وزیرِ داخلہ نے رش کے باوجود بہترین انتظامات برقرار رکھنے پر نادرا حکام کی کارکردگی کو سراہا اور پیکو روڈ سنٹر کی انچارج سمیت تمام عملے کو شاباش دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے ہدایت کی کہ شہریوں کی ہر مرحلے پر مکمل رہنمائی کی جائے تاکہ انہیں غیر ضروری طور پر بار بار چکر نہ لگانے پڑیں۔ انہوں نے کہا کہ پیکو روڈ سینٹر پر شہریوں کا فیڈ بیک انتہائی مثبت ہے اور عوام کو تیز رفتار و معیاری خدمات کی فراہمی ہی حکومت کا اصل مشن ہے۔