خاتون سمیت شہریوں کو گن پوائنٹ پر لوٹنے والا ڈکیت گروہ گرفتار

11-21-2026

(لاہورنیوز) شالیمار پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون سمیت شہریوں کو اسلحے کے زور پر لوٹنے والے 2 رکنی ڈکیت گروہ کو گرفتار کر لیا۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت اسد علی اور عماز کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان نے گزشتہ دنوں شالیمار کے علاقے میں سیر کے لیے نکلی ایک خاتون کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر موبائل فون اور نقدی چھین لی تھی۔ اس کے علاوہ ملزمان نے اسی علاقے میں ایک اور واردات کے دوران شہری سے 10 ہزار روپے بھی لوٹے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ چکی ہیں جن میں ملزمان کو شہریوں کو لوٹتے ہوئے واضح دیکھا جا سکتا ہے۔ ملزمان سے برآمدگی اور دیگر وارداتوں میں ملوث ہونے کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔ اس حوالے سے ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ خواتین کو دورانِ سفر اور عوامی مقامات پر تحفظ فراہم کرنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منظم گروہوں کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں اور شہریوں کو نشانہ بنانے والے جرائم پیشہ عناصر کا نیٹ ورک توڑنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔