ملک بھر کے بجلی صارفین پر ایڈجسٹمنٹس کا بھاری بوجھ منتقل کیے جانے کا خدشہ

11-21-2026

(ویب ڈیسک) ملک بھر کے بجلی صارفین پر ایڈجسٹمنٹس کا بھاری بوجھ منتقل کیے جانےکا خدشہ ہے جس کے تحت آئندہ ماہ دسمبر میں سہ ماہی اور ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کا اضافہ 4 روپے 22 پیسے فی یونٹ تک بڑھنےکا تخمینہ ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت دسمبر میں بجلی کی قیمت کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں بجلی کی قیمتوں اور صارفین پر پڑنے والے اضافی مالی بوجھ کے حوالے سے تفصیلات پیش کی گئیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک بھرکے بجلی صارفین سہ ماہی اور ماہانہ ایڈجسٹمنٹس میں 2 روپے 89 پیسے فی یونٹ اداکر رہے ہیں تاہم نومبر کے مقابلے میں آئندہ ماہ دسمبر میں بجلی صارفین پر ایڈجسٹمنٹس کا بوجھ مزید ایک روپے33 پیسے فی یونٹ تک بڑھنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کو بجلی کی قیمت سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ہے، جبکہ حکومت کی کوشش ہے کہ بجلی صارفین پر کم سے کم بوجھ منتقل ہو۔ ذرائع کے مطابق بجلی تقسیم کارکمپنیوں نے جولائی تا ستمبر 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں نیپرا میں درخواست دائر کرکے ایک روپے 34 پیسے فی یونٹ کا اضافہ آئندہ 3 ماہ کے لیے مانگا ہے، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر نیپرا سماعت بھی کرچکا ہے، جس کا فیصلہ ابھی آنا باقی ہے۔ اس کے علاوہ اکتوبر 2026 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے 2 روپے 88 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی ہے جس کا اطلاق آئندہ ماہ کے لیے کیے جانےکا امکان ہے۔