ٹریفک پولیس کا سموگ کی روک تھام کیلئے کریک ڈاؤن تیز، ہزاروں گاڑیوں کے چالان
11-21-2026
(لاہور نیوز) شہر میں سموگ کے تدارک اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے لاہور ٹریفک پولیس نے کارروائیوں میں تیزی لاتے ہوئے رات گئے خصوصی ناکے قائم کر دیے،دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، بغیر ترپال مٹی اور ریت لے جانے والی ٹرالیوں اور خستہ حال گاڑیوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور عبدالرحیم شیرازی کے مطابق دھواں چھوڑنے والی 14 ہزار 653 گاڑیوں کو چالان ٹکٹس جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ بغیر ترپال مٹی اور ریت لے جانے والی 10 ہزار 306 گاڑیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ اور خستہ حال 31 ہزار 618 گاڑیوں کے خلاف بھی ایکشن لیا گیا، جبکہ اوورلوڈنگ کرنے والی 2 لاکھ 72 ہزار 760 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ عبدالرحیم شیرازی کے مطابق بغیر ترپال مٹی اور ریت لے جانے والی ٹرالیوں کا لاہور میں داخلہ بند ہے، خطرناک حد تک دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے ڈرائیونگ لائسنس بھی معطل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی نشاندہی اور کارروائی کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) سسٹم سے بھی مدد لی جا رہی ہے اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کو چالان جاری کیے جا رہے ہیں۔ ٹریفک پولیس حکام کے مطابق سموگ کے خاتمے اور شہریوں کو صاف ماحول فراہم کرنے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔