آئی ایل ٹی 20 کا پانچواں سیزن کل سے شروع ہو گا

11-20-2026

(لاہور نیوز) متحدہ عرب امارات میں عالمی کرکٹ کا بڑا میلہ سجنے کو تیار ہے، جہاں ڈی پی ورلڈ انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی کے پانچویں سیزن کا آغاز کل ہفتہ 21 نومبر سے ہو گا۔

افتتاحی مقابلے میں دفاعی چیمپئن ڈیزرٹ وائپرز اور گزشتہ سیزن کی رنرز اپ ایم آئی ایمریٹس آمنے سامنے ہوں گی، جبکہ پاکستانی اسٹارز بابر اعظم اور شاداب خان سمیت دنیا کے نامور کرکٹرز شائقین کی توجہ کا مرکز ہوں گے۔ ٹورنامنٹ کے آغاز سے ایک روز قبل ایکسپو سٹی دبئی میں ڈی پی ورلڈ کے دفتر میں چھوں فرنچائزز کے نمایاں کھلاڑیوں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں شرکت کی اور اپنی تیاریوں، ٹائٹل جیتنے کے عزائم اور لیگ کے بڑھتے ہوئے عالمی معیار پر اظہار خیال کیا۔ ڈیزرٹ وائپرز کے انگلش فاسٹ بولر ڈیوڈ پین نے شاداب خان کو ٹیم کا کپتان مقرر کیے جانے کو بہترین فیصلہ قرار دیا اور بابر اعظم کی عالمی معیار کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ان کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کی خواہش ظاہر کی۔ ایم آئی ایمریٹس کے راشد خان نے کہا کہ آئی ایل ٹی 20 کے آغاز کے بعد متحدہ عرب امارات میں کرکٹ کو نمایاں فروغ ملا ہے اور مقامی نوجوانوں کو عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے مواقع مل رہے ہیں۔ دبئی کیپیٹلز کی جانب سے پہلی مرتبہ لیگ میں شرکت کرنے والے جنوبی افریقہ کے سابق کپتان فاف ڈو پلیسی نے ٹورنامنٹ کے معیار اور متحدہ عرب امارات کی کرکٹ سہولیات کو سراہا۔ ابوظبی نائٹ رائیڈرز کے کولن منرو، گلف جائنٹس کے کپتان ہینرک کلاسن اور شارجہ واریئرز کے کپتان سکندر رضا نے بھی اپنی ٹیموں کی تیاریوں اور ٹائٹل جیتنے کے عزم کا اظہار کیا۔ سکندر رضا نے لیگ میں ایسوسی ایٹ ممالک کے کھلاڑیوں کی لازمی شمولیت کو خوش آئند قرار دیا۔ پانچویں سیزن کی افتتاحی تقریب دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں شام ساڑھے چھ بجے منعقد ہوگی، جس میں خصوصی پرفارمنس، نئے ترانے کی رونمائی اور شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا، جبکہ افتتاحی میچ شام 7 بج کر 20 منٹ پر شروع ہوگا۔ ٹورنامنٹ کے 34 مقابلوں میں بابر اعظم، سنیل نارائن، نکولس پورن، جونی بیئرسٹو، فل سالٹ، مارکس اسٹوئنس، ڈیوڈ ملر اور لیام لیونگسٹون سمیت عالمی کرکٹ کے بڑے نام ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ کمنٹری پینل میں پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم، وقار یونس اور شعیب اختر کے علاوہ آسٹریلیا کے بریٹ لی، بھارت کے نوجوت سنگھ سدھو اور رابن اتھاپا جبکہ ویسٹ انڈیز کے ایان بشپ شامل ہوں گے۔ ٹورنامنٹ کے تمام 34 میچوں کی بین الاقوامی نشریات مختلف ٹیلی ویژن اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر کی جائیں گی۔ بھارت میں یونائٹ 8 اسپورٹس، زی فائیو، زی زیسٹ اور فین کوڈ جبکہ برطانیہ میں ٹی این ٹی اور ایچ بی او کے ذریعے مقابلے دیکھے جاسکیں گے۔ شائقین افتتاحی میچ سمیت دیگر مقابلوں کے ٹکٹ آئی ایل ٹی 20 کی آفیشل ٹکٹنگ ویب سائٹ اور پلاٹینم لسٹ سے حاصل کرسکتے ہیں۔ منتظمین کے مطابق لیگ کا پانچواں سیزن عالمی کرکٹ ستاروں، ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں اور سنسنی خیز مقابلوں کے ذریعے متحدہ عرب امارات میں کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔