ریلوے ٹریک پر ہارویسٹر چلانے والا ملزم گرفتار
11-20-2026
(لاہور نیوز) تھانہ ریلویز پولیس لاہور نے ریلوے ٹریک پر ہارویسٹر مشین چلانے والے ملزم کو گرفتار کر لیا، ملزم کی شناخت عبدالوحید کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم لاہور تا نارووال سیکشن کے درمیان ریلوے ٹریک پر ہارویسٹر مشین چلا رہا تھا، جس کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت اور ہزاروں مسافروں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہو سکتے تھے۔ ریلوے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا اور اس کے خلاف تھانہ ریلویز پولیس لاہور میں مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ ایس پی ریلوے لاہور ثناء الرحمٰن نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او ریلوے لاہور سرفراز شاہ اور چوکی انچارج شاہدرہ محمد راشد کی کارکردگی کو سراہا۔ ایس پی ریلوے لاہور کا کہنا ہے کہ ریلوے ٹریک پر کسی بھی قسم کی غیرقانونی سرگرمی مسافروں کی جان و مال کیلئے خطرے کا باعث بن سکتی ہے، ریلوے ٹریک اور تنصیبات کی حفاظت کیلئے ایسے عناصر کے خلاف قانونی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔