پنجاب کے ہر ضلع میں کیتھ لیب، چلڈرن ہسپتال قائم کرنا چاہتے ہیں: مریم نواز

11-20-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ارکان صوبائی اسمبلی پیر محمد اشرف رسول اور خرم خان ورک کی ملاقات، شیخوپورہ کے عوامی مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور سماجی پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ارکان صوبائی اسمبلی پیر محمد اشرف رسول اور خرم خان ورک نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی عمومی سیاسی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے سماجی پروگراموں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو ضلع شیخوپورہ کے عوامی مسائل، ضروریات اور درپیش مشکلات سے آگاہ کیا، انہوں نے شیخوپورہ میں جاری بیوٹیفکیشن منصوبوں پر عوام کے پرجوش ردعمل سے بھی آگاہ کیا اور شہر میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے ہر ضلع میں کیتھ لیب، چلڈرن ہسپتال اور کینسر سینٹر قائم کرنا چاہتے ہیں، عوام کو بہترین طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہمارا عزم ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ بیوٹیفکیشن منصوبوں کی تکمیل سے شہروں کی شکل و صورت بدل گئی ہے، عوام کو بہتر شہری سہولیات کی فراہمی اور شہروں کو خوبصورت بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی فلاح و بہبود، صحت کی سہولیات کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے پنجاب کے تمام اضلاع میں یکساں ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔