ڈیجیٹل ادائیگیوں میں رکاوٹ ڈالنے والے ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

11-20-2026

(لاہور نیوز) پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے صوبہ بھر میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام میں رکاوٹ ڈالنے والے ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلے چیئرمین پی آر اے معظم اقبال سپرا کی زیر صدارت ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ سے متعلق ہونے والے اجلاس میں کیے گئے۔ ترجمان پی آر اے کے مطابق صارفین کو کیش ادائیگی پر مجبور کرنے والے کاروبار اتھارٹی کے ریڈار پر ہوں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈیجیٹل ادائیگی سے انکار کرنے اور کیو آر کوڈ فراہم نہ کرنے والے اداروں کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔ ترجمان نے بتایا کہ غیر رجسٹرڈ پی او ایس (POS) سسٹم کے استعمال اور غیر مجاز اکاؤنٹس میں رقوم وصول کرنے والے کاروباروں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ کاروباروں کی جانب سے جعلی رسیدیں جاری کرنے اور ٹیکس ریکارڈ چھپانے کی کوششوں پر بھی کڑی نظر رکھی جائے گی۔ اجلاس میں ویجلینس ونگ کو مختلف اضلاع میں کاروباری رسیدوں اور ادائیگیوں کے ریکارڈ کی تصدیق کی ہدایت جاری کی گئی۔ ترجمان نے واضح کیا کہ ٹیکس میں خردبرد اور ادائیگیوں کے ریکارڈ میں جعلسازی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ صوبہ بھر میں ہوٹلز اور ریسٹورنٹس میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کی دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔