وحدت روڈ پر ٹریفک حادثہ، دو نوجوان جاں بحق، ایک زخمی

11-20-2026

(لاہور نیوز) شہر کے علاقے بھیکے وال موڑ، وحدت روڈ پر تیز رفتار موٹر سائیکل بجلی کے کھمبے سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں دو نوجوان جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق موٹر سائیکل پر تین افراد سوار تھے کہ تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل بجلی کے کھمبے سے جا ٹکرائی۔ حادثے میں 22 سالہ اسد ولد ریاض اور 22 سالہ شہروز ولد تنویر موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے دونوں جاں بحق نوجوانوں کی لاشیں پولیس کے حوالے کر دیں جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والے تیسرے شخص کو طبی امداد کے لیے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔