بادامی باغ پولیس کی کارروائی، نقب زنی کی وارداتوں میں مطلوب گینگ گرفتار
11-20-2026
(لاہور نیوز) بادامی باغ پولیس نے نقب زنی کی وارداتوں میں ملوث دو رکنی متحرک گینگ کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے چند روز قبل ایک نجی گودام میں نقب زنی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کا سامان چوری کیا تھا، واردات میں ملوث ملزمان کے ایک ساتھی کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں واردات کے بعد فرار ہوتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے، گرفتار ملزمان کی شناخت وقار اور عدنان کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان رات گئے بند گوداموں اور گھروں کی چھتوں کے ذریعے اندر داخل ہوتے اور نقب زنی کی وارداتیں کرکے مالِ مسروقہ لے کر فرار ہو جاتے تھے۔ بادامی باغ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے واردات میں ملوث دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا، پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ موبائل فون اور غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ وارداتوں میں ان کے دیگر ساتھیوں اور ممکنہ طور پر مزید وارداتوں میں ملوث ہونے کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔