دی بینک آف پنجاب نے ایشیا کا ممتاز ایس ایم ای فنانس ایوارڈ جیت لیا

11-20-2026

(لاہور نیوز) دی بینک آف پنجاب (بی او پی) نے سنگاپور میں منعقدہ گلوبل ایس ایم ای فنانس ایوارڈز 2026 میں پروڈکٹ انوویشن آف دی ایئر – ایشیا کا اعلیٰ اعزاز حاصل کر لیا ہے، اس تاریخی کامیابی کے ساتھ بی او پی یہ اعزاز حاصل کرنے والا پاکستان کا پہلا بینک بن گیا ہے۔

یہ اعزاز ایس ایم ای فنانسنگ کے شعبے میں بی او پی کی نمایاں پیشرفت، جدید مالیاتی سہولیات، کاروباری اداروں تک وسیع رسائی اور مالیاتی شمولیت کے فروغ میں مؤثر کردار کا اعتراف ہے، بالخصوص ایسے کاروباروں کو باقاعدہ مالیاتی نظام سے منسلک کرنے میں بی او پی کی کامیابی اس اعزاز کی اہم بنیاد ہے، جو ماضی میں مالیاتی سہولیات تک رسائی سے محروم رہے۔ ایس ایم ای فنانسنگ میں غیر معمولی پیش رفت ایس ایم ای فنانسنگ کے شعبے میں بی او پی کی کارکردگی اس نمایاں تبدیلی کا ثبوت ہے، پاکستان کے بینکنگ شعبے کے ایس ایم ای قرض داروں میں 48 فیصد حصہ، یعنی تقریباً 153,000 کاروبار، جو ملک بھر میں ہر دو کاروباروں میں سے تقریباً ایک کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ایس ایم ای قرض داروں کی تعداد میں 397 فیصد اضافہ، جبکہ بینکنگ انڈسٹری میں یہ شرح 73 فیصد رہی، اس دوران 122,000 سے زائد نئے قرض داروں کو مالی سہولیات فراہم کی گئیں۔ ایس ایم ای فنانسنگ پورٹ فولیو 230 ارب روپے تک پہنچ گیا، جو دسمبر 2024 کے مقابلے میں 146 فیصد اضافہ ہے اور ملک کی مجموعی ایس ایم ای فنانسنگ کا تقریباً 25 فیصد بنتا ہے، دسمبر 2024 سے اب تک نئے قرض داروں کو 164 ارب روپے کی فنانسنگ فراہم کی گئی، جس سے کاروباری طبقے کیلئے رسمی مالیاتی سہولیات تک رسائی میں نمایاں اضافہ ہوا۔ یہ کامیابیاں بی او پی کی ایس ایم ای بینکنگ میں جامع اصلاحات اور تبدیلیوں کا ثمر ہیں، جن میں کاروباری نقد بہاؤ کی بنیاد پر قرضوں کی فراہمی، ڈیجیٹل سہولیات کا فروغ، قرض کی منظوری کے عمل میں آسانی، جدید مالیاتی حل اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ مؤثر شراکت داری شامل ہیں۔ اسٹریٹجک شراکت داری کے ذریعے کاروبار اور انٹرپرینیورشپ کا فروغ یہ بین الاقوامی اعزاز وزیر اعلیٰ پنجاب کی بصیرت اور حکومت پنجاب کے کاروبار، خود روزگاری اور جامع معاشی ترقی کے فروغ کے عزم کا اعتراف ہے، جسے بی او پی نے اپنے بینکنگ پارٹنر کی حیثیت سے عملی کامیابیوں میں ڈھالا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا آسان کاروبار پروگرام اس شراکت داری کی نمایاں مثال ہے، جو ظاہر کرتا ہے کہ مؤثر حکومتی اقدامات اور جدید بینکاری سہولیات کا اشتراک کاروباروں کے لیے مالی وسائل کی فراہمی کو آسان بنانے، ایس ایم ایز کی ترقی میں معاونت اور وسیع پیمانے پر معاشی مواقع پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ عالمی سطح پر اعتراف و پذیرائی ایس ایم ای فنانس فورم، جو G20 کے تحت قائم کیا گیا اور انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی)، ورلڈ بینک گروپ کے رکن، کے زیر انتظام ہے، 190 ممالک میں 250 سے زائد رکن اور شراکت دار اداروں پر مشتمل ایک عالمی پلیٹ فارم ہے، یہ فورم ایس ایم ای فنانسنگ میں جدت، باہمی تعاون اور مالیاتی شمولیت کے فروغ کیلئے سرگرم عمل ہے۔ بی او پی کی یہ کامیابی اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان کا بینکنگ شعبہ عالمی معیار کے جدید، ٹیکنالوجی پر مبنی اور پائیدار مالیاتی حل پیش کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ تاریخی اعزاز پنجاب میں کاروباری ترقی اور پاکستان میں ایس ایم ای فنانسنگ کے فروغ کے لئے کی جانے والی کوششوں کو عالمی سطح پر نمایاں کرتا ہے اور ملک کے لئے باعث ِفخر ہے۔