بچے ہمارا مستقبل اور پہلی ترجیح ہیں، کسی بچے کو تنہا نہیں چھوڑیں گے: مریم نواز
11-20-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک کا ہر بچہ لختِ جگر اور اپنی اولاد کی مانند ہے، ان کا مستقبل اور ذمہ داری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے ورلڈ چلڈرن ڈے کے موقع پر پنجاب کے تمام بچوں کو محبت اور دعاؤں بھرا سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ جہاں بچے محفوظ ہوں وہاں مستقبل روشن ہوتا ہے اور حکومت کا ہر قدم بچوں کی بھلائی، حفاظت اور خوشیوں کے لیے ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ بچوں کی صحت اور اعلیٰ تعلیم صوبائی حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے ذریعے ہزاروں بچوں کی زندگیاں بچائی گئیں، جبکہ ٹائپ-ون ذیابیطس کے مریض بچوں کو انسولین کٹس گھر گھر پہنچائی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خصوصی بچوں کو مصنوعی اعضا، ہیئرنگ ایڈز اور وہیل چیئرز فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ آٹسٹک بچوں کے لیے خصوصی آٹزم سکول قائم کر دیے گئے ہیں۔ تعلیم اور غذائیت کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ننھے بچوں کے لیے ہر ضلع میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف ارلی ایجوکیشن قائم کیے جائیں گے، سرکاری سکولوں میں ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور جنوبی پنجاب میں غذائی قلت کے شکار بچوں کے لیے سکول میل پروگرام شروع کیا گیا ہے تاکہ بھوک تعلیم کی راہ میں حائل نہ ہو۔ بچوں کے تحفظ سے متعلق بات کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ ورچوئل سنٹر فار چائلڈ سیفٹی پروگرام بچوں کی گمشدگی، استحصال اور خطرات کے کیسز جدید نظام کے تحت حل کر رہا ہے، جبکہ چائلڈ لیبر کے انسداد کے لیے سخت کریک ڈاؤن جاری ہے اور بچوں کے خلاف تشدد و سنگین جرائم کے خاتمے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بچہ محروم، لاچار یا نظر انداز دکھائی دے تو نیند نہیں آتی، اور جب تک ہر بچے کی آنکھ میں خوبصورت مستقبل کی چمک نہیں آتی جدوجہد مکمل نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کا ہر بچہ پڑھے گا، صحت مند ہوگا اور مسکرائے گا، کیونکہ ماں اپنے بچوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑتی۔