سموگ تدارک کریک ڈاؤن، لاہور ٹریفک پولیس کے خصوصی ناکے قائم
11-20-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور سینئر وزیر مریم اورنگزیب کے حکم پر سموگ تدارک کریک ڈاؤن جاری ہے۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ لاہورآلودہ شہروں میں سرفہرست، انسانی صحت اور عوامی تحفظ کیلئے سخت اقدامات اٹھانا ہونگے، بغیر ترپال مٹی، ریٹ والی ٹرالیوں، ڈمپرز کا شہر لاہور میں داخلہ بند ہے، خلاف ورزی پر پرچہ دئیے جا رہے ہیں، انتہائی خطرناک حد تک دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز کے لائسنس بھی معطل کئے جا رہے ہیں۔ سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیونگ لائسنس کے ساتھ ساتھ روٹ پرمٹ بھی معطل کئے جائیں گیں، دھواں چھوڑنے والی 13 ہزار 653 گاڑیوں کو چالان ٹکٹس دئیے گئے، بغیر ترپال ڈھانپے ریت، مٹی و دیگر آلودگی کا باعث بننے والی 09 ہزار 306 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ سی ٹی او لاہور نے کہا کہ بغیر فٹنس اور خستہ حال 30 ہزار 618 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی، اوورلوڈنگ پر 02 لاکھ 71 ہزار 760 گاڑیوں کےخلاف کارروائی کی گئی، مٹی، ریت اور دیگر مائنز سائیٹس پر خصوصی کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے، بغیر ترپال، پانی و دیگر حفاظتی اقدامات کے بغیر ٹریکٹر ٹرالی چلنے کی اجازت نہیں۔ سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ تمام ڈی ایس پیز شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی کارروائیاں کر رہے ہیں، مصنوعی ذہانت سسٹم کی مدد سے بھی دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو چالاننگ کی جارہی ہے، سموکی وہیکلز کی درستگی کیلئے متعدد سرکاری و نیم سرکاری اداروں کو مراسلے بھی لکھے گئے ہیں۔