سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں سرجیکل سامان کی قلت پیدا ہو گئی
11-20-2026
(ویب ڈیسک) سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں کیلئے سرجیکل سامان کی سینٹرل خریداری کا منصوبہ ناکام ہو گیا۔
سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں سرجیکل ڈسپوزایبلز اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہو گئی، ہرنیا اور پتے کے آپریشن سمیت معمولی سرجری کیلئے مریض مہینوں انتظار پر مجبور ہو گئے، سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں معمولی سرجری کیلئے 3 سے 6 ماہ کی تاریخ ملنے لگی۔ فوری نوعیت کی سرجری کیلئے بھی مریض سرکاری ہسپتالوں میں دربدر ہونے پر مجبور ہیں، محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کی سینٹرل پروکیورمنٹ کی ناکام کوشش ہسپتالوں کو لے ڈوبی۔ سینٹرل پروکیورمنٹ میں سنگین بے ضابطگیوں کے انکشاف پر حکومت نے پراسس منسوخ کر دیا، افسر شاہی نے سینٹرل خریداری کے چکر میں ہسپتالوں کو خود خریداری سے روکے رکھا، ہسپتالوں کیلئے 17 ارب روپے سے زائد کے سرجیکل سامان کی خریداری ہونا تھی، سرجیکل سامان کی شدید قلت کے باعث معمول کے آپریشن طویل التوا کا شکار ہیں۔