پنجاب میں مریضوں کو 39 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد کا مفت علاج فراہم

11-19-2026

(لاہور نیوز) حکومت پنجاب کے شعبہ صحت میں خصوصی پروگراموں کے تحت اب تک مریضوں کو 39 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا مفت علاج فراہم کیا جا چکا ہے۔

پنجاب ہیلتھ انیشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 123 واں اجلاس صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت ہوا، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے صحت کے مختلف منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کے خصوصی پروگراموں کے باعث دل کے امراض، کینسر، ڈائیلسز، فالج، بچوں کی دل کی سرجری اور ٹرانسپلانٹ کے علاج کے لیے مریضوں کی ویٹنگ لسٹ میں واضح کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی دل کی سرجری کے پروگرام کے تحت اب تک 17 ہزار 262 سے زائد بچوں کی مفت سرجری کی جا چکی ہے جبکہ مختلف صوبوں اور علاقوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کو بھی اس سہولت سے مستفید کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر صحت کے مطابق ٹرانسپلانٹ پروگرام کے تحت اب تک 3 ہزار 173 ٹرانسپلانٹس کیے جا چکے ہیں، جن میں ایک ہزار 455 گردوں، ایک ہزار 105 کوکلیئر، 463 جگر، 82 بون میرو اور 68 قرنیہ کے ٹرانسپلانٹس شامل ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ ڈائیلسز پروگرام کے تحت اب تک 26 لاکھ 69 ہزار سے زائد مفت ڈائیلسز کیے جا چکے ہیں جبکہ 53 ہزار 106 سے زائد مریض رجسٹرڈ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کینسر کے علاج کے پروگرام کے تحت اب تک 53 ہزار 413 سے زائد مریض رجسٹرڈ کیے گئے ہیں جبکہ ایک لاکھ 98 ہزار 686 سے زائد مریضوں کو مفت علاج کی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔ صوبائی وزیر صحت کے مطابق ایڈلٹ کارڈیک سرجری پروگرام کے تحت 9 ہزار 365 سے زائد مریضوں کو شامل کیا گیا جبکہ 2 ہزار 944 سے زائد مریضوں کی دل کی مفت سرجری مکمل کی جا چکی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ دل کے مریضوں کے علاج کے لیے سالانہ 3 ارب روپے، کینسر کے علاج کے لیے 10 ارب روپے اور فالج کے مریضوں کے لیے سالانہ تقریباً سوا ارب روپے مختص کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ ہسپتالوں کو ہدایت کی کہ مریضوں کی ویٹنگ لسٹ میں مزید تیزی سے کمی لائی جائے اور عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر عظمت محمود نے منتخب ہسپتالوں میں مریضوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے اور انہیں درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔