نئے صوبوں کے قیام پر سیاسی جماعتوں کو بیٹھ کر بات کرنی چاہئے، سپیکر پنجاب اسمبلی
11-19-2026
(لاہور نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ عوام سے براہ راست کسی معاملے پر رائے لینا ریفرنڈم کہلاتا ہے، آئین میں جو طریقہ کار درج ہے اسی کے مطابق کام ہونا چاہئے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی دونوں سیاسی جماعتیں آئین کے تحت ہی وجود میں آئی ہیں، ایک سیاسی جماعت کا مؤقف ہے کہ ایک صوبے میں تقسیم ہونی چاہئے اور دوسرے میں نہیں، تو اس حوالے سے وضاحت سامنے آنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں صوبائیت اور وطنیت کی بحث سمیت صوبوں کی تقسیم کے معاملے پر بیٹھ کر بات ہونی چاہئے، وسائل کی تقسیم کے حوالے سے بہت سی محرومیاں موجود ہیں، آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور عوام مختلف مسائل کا شکار ہیں، ہم اچھی زندگی نہیں گزار رہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ بلاول بھٹو اور مریم نواز سے امید ہے کہ وہ پاکستان کو آگے لے کر جائیں گے، تاہم اس معاملے پر حتمی فیصلہ سیاسی جماعتوں کی قیادت نے کرنا ہے، بات چیت ہونی چاہئے اور اختلاف رائے کا احترام بھی ضروری ہے۔ ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ وہ کسی مقدمے کے وکیل نہیں ہیں بلکہ ایک اہم قومی معاملے پر اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) حکومت میں ہے، اس لئے اس معاملے پر سوچ بچار کے بعد بات کرنی چاہئے۔