پنجاب میں 25 ہزار 898 اساتذہ کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی تربیت دینے کا فیصلہ

11-19-2026

(لاہور نیوز) پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں کے 25 ہزار 898 اساتذہ کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کی تربیت دینے کا فیصلہ کر لیا گیا، اساتذہ کی تربیت کا آغاز 23 نومبر سے ہو گا۔

محکمہ تعلیم اور پیکٹا کے تحت صوبے بھر میں اے آئی فوکل پرسنز کی دو روزہ تربیت کا انعقاد کیا جائے گا، جو پنجاب کی تمام تحصیلوں میں پانچ مختلف بیچز میں مکمل ہو گی۔ شیڈول کے مطابق پہلا تربیتی بیچ 23 سے 24 نومبر تک جاری رہے گا، جبکہ آخری بیچ یکم سے 3 دسمبر تک منعقد ہو گا، ہر سرکاری پرائمری اور ایلیمنٹری سکول سے ایک استاد کو تربیت میں شامل کیا جائے گا۔ تربیتی پروگرام میں اساتذہ کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے سبق کی منصوبہ بندی، طلبہ کی تعلیمی کارکردگی جانچنے اور معیاری تعلیمی مواد تیار کرنے کے طریقے سکھائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ اساتذہ کو طلبہ کی انفرادی تعلیمی ضروریات پوری کرنے اور اے آئی ٹیکنالوجی کے محفوظ، اخلاقی اور ذمہ دارانہ استعمال سے متعلق بھی تربیت فراہم کی جائے گی۔ تربیت مکمل کرنے والے اے آئی فوکل پرسنز اپنے اپنے سکولوں میں دیگر اساتذہ کو اے آئی کورس مکمل کرنے اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے میں معاونت فراہم کریں گے۔ حکام کی جانب سے تمام شرکا کو لیپ ٹاپ، سمارٹ فون یا سکول ٹیبلٹ ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ سی ای اوز ایجوکیشن کو ہر سکول سے ایک استاد نامزد کرنے اور تربیتی پروگرام میں اس کی حاضری یقینی بنانے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔