29 نومبر کو مینار پاکستان پر جماعت اسلامی کا جلسہ عام، تیاریاں تیز
11-19-2026
(لاہور نیوز) 29 نومبر کو مینار پاکستان پر جماعت اسلامی کے جلسہ عام کی تیاریوں کے سلسلے میں سید مودودی اسلامک سینٹر میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کی۔
اجلاس میں جلسہ عام کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور لاہور کے پانچوں اضلاع سے بھرپور عوامی شرکت یقینی بنانے کیلئے حکمت عملی طے کی گئی، جلسے کو تاریخی بنانے کیلئے ڈور ٹو ڈور عوامی رابطہ مہم مزید تیز کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور نے مرد و خواتین کی بھرپور شرکت یقینی بنانے کیلئے رابطہ عوام مہم کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایات جاری کیں، اجلاس میں شہری مسائل، حکومتی پالیسیوں اور عوامی مشکلات کے خلاف جدوجہد مزید تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ 29 نومبر کا مینار پاکستان جلسہ پنجاب کی سیاست کو نیا رخ دے گا، جماعت اسلامی لاہور جلسہ عام کو تاریخی بنانے کیلئے بھرپور قوت کے ساتھ عوامی رابطہ مہم آگے بڑھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، جبکہ غلبۂ دین کی جدوجہد کو مزید تیز کیا جائے گا۔ اجلاس میں جماعت اسلامی لاہور کی سیاسی و عوامی سرگرمیوں کو مزید منظم اور مؤثر بنانے کے ساتھ بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا، امیدواروں کو اپنے اپنے حلقوں میں عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال، نائب امیر ملک شاہد اسلم، ڈپٹی سیکرٹریز اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی، جے آئی یوتھ لاہور کے صدر جبران بٹ، سیکرٹری حمزہ بلال اور دیگر عہدیداران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔