جرم میں سہولت کاری، انویسٹی گیشن ونگ کا پولیس اہلکار ساتھیوں سمیت گرفتار
11-19-2026
(لاہور نیوز) پولیس اہلکار ہی جرائم پیشہ عناصر کا سہولت کار نکل آیا۔
لیاقت آباد پولیس نے نقب زنی کی منصوبہ بندی کرنے والے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان میں انویسٹی گیشن ونگ میں تعینات پولیس اہلکار ارسلان بھی شامل ہے۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق پولیس اہلکار ارسلان سمیت گرفتار ملزمان پر نقب زنی کی وارداتوں میں سہولت کاری کا الزام ہے، ملزمان کے قبضے سے 9 ایم ایم پستول، چار زندہ گولیاں، تین موبائل فونز، کٹر اور دیگر مشتبہ سامان برآمد کیا گیا ہے، ملزمان سے دو مقدمات میں چوری شدہ مال کی برآمدگی کے حوالے سے بھی تفتیش جاری ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ محکمہ پولیس میں احتساب کا عمل بلاامتیاز جاری ہے اور کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، وردی یا عہدہ قانون شکنی کا لائسنس نہیں، جرم میں ملوث ہر شخص جواب دہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ پولیس میں کسی بھی اہلکار کی جانب سے جرائم میں ملوث ہونے یا سہولت کاری کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔