سموگ و ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے:ڈی سی لاہور

11-19-2026

(لاہور نیوز) شہر میں سموگ کے تدارک اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے خصوصی آگاہی مہم جاری ہے، ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی ہدایت پر شہریوں میں آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔

مہم میں سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن اور ڈپٹی ڈائریکٹر ای پی اے علی اعجاز نے شرکت کی۔ اس دوران شہریوں کو سموگ کے نقصانات اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کے مطابق گاڑیوں کے معائنے کے لیے شہر میں اب تک 28 مراکز قائم کیے جا چکے ہیں، جبکہ گاڑی مالکان کی سہولت کے لیے مزید مراکز بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔ کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بلاتاخیر اپنی گاڑیاں قریبی پی وی آئی سی ایس سینٹر لے کر جائیں، گاڑیوں کا کمپیوٹرائزڈ معائنہ کروائیں اور ٹیسٹ سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ سموگ اور ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، شہری انسداد سموگ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔